Sunday, October 28, 2007

مچھر نامہ (Mosquito Mania)

مچھر نامہ

بھن بھن کرتا آئے مچّھر
کان ہمارے کھائے مچّھر
شام ہوئی تو فوج بناکر
گھر گھر میں گھس آئے مچّھر
خون تمہارا ہم کو پیارا
گیت یہی اک گائے مچّھر
ہر کوئی بیزار ہے ان سے
کب ہیں کسی کو بھائے مچّھر
خون کے پیاسے ذرا ذرا سے
کیسا خوف جگائے مچّھر
ننّھے ننّھے ڈراکیولے ہیں
خون کی کھوج میں آئے مچّھر
ڈستے ہی سب چینخ اٹھے ہیں
ہائے رے مچّھر ہائے مچّھر
ڈستا تو ہے سانپ بھی لیکن
خون بھی پی کر جائے مچّھر
گندے پانی کے یہ ساتھی
کیچڑکے ہمسائے مچّھر
تحفہ لے کر بیماری کا
بستی بستی جائے مچّھر
میٹ ،کوائل اور مچّھر دانی
ان سب سے گھبرائے مچّھر
انساں ہی کے خون پہ پل کر
اس جیسا اترائے مچّھر
خون بہاتے انسانوں کو
دیکھے اور شرمائے مچّھر



No comments:

Post a Comment